یہ اس دن کی بات ہے جو دن میری زندگی کا انتہائی خوبصورت دن تھا۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے اس دن میں نے ایک انتہائی خوبصورت چہرہ دیکھا تھا۔ اور ایسا نہیں کہ صرف میں نے ہی اسے دیکھا بلکہ اس نے بھی مجھے دیکھا۔ آنکھوں سے آنکھیں ملی اور اس کے چہرے پہ ایک قاتل مسکراہٹ پھیل گئی جسے دیکھ کر میں نے اپنی سائیکل اس رکشے والے کے پیچھے لگا دی جس میں وہ بیٹھی مجھے دیکھ کر مسلسل مسکرا رہی تھی۔ میرے سائیکل کی سپیڈ بڑھتی جا رہی تھی اور میرا دل سجاد علی کا وہ گانا گا رہا تھا،
”رکشے والے، رکشے والے۔
ذرا دیکھ کے چلنا۔
ذرا دیکھ کے چلنا۔
میرا محبوب پیچھے بیٹھا ہے۔
دیکھ کے چلانا کہیں دھکا نہ لگے ہائے
رکشے والے، رکشے والے“
بس اس خوبصورت لڑکی کی دلنشین مسکراہٹ دیکھتے ہوئے میں اور میرا دل یہی گاتے ہوئے جا رہے تھے کہ اچانک سپیڈ بریکر آیا جس پہ میرے سائیکل کا پہیہ پھسلا اور میں اپنے جذبات سمیت زمین پہ آ گرا۔ بس وہ دن اور آج کا دن میں کسی کی مسکراہٹ کے فریب میں نہیں آتا کیونکہ میں سمجھ چکا ہوں کہ مسکراہٹ دھوکا ہے۔ اور میں آپ کو بھی اس دھوکے سے بچانا چاہتا ہوں۔ میرا یقین کیجیے۔ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ لوگ کس طرح مسکرا کر ہمیں لوٹتے ہیں۔
اگر آپ کو میری بات پر یقین نہیں تو غور سے دیکھیے بینک کی دیوار پہ لگی اس تصویر کو جس میں ایک آدمی صوفے پہ بیٹھا مسکرا رہا ہے۔ اس کی مسکراہٹ دیکھ کر آپ اپنا پیسہ بینک میں رکھ کر محفوظ کر لیتے ہیں اور آپ کا پیسہ اتنا محفوظ ہو جاتا ہے کہ وہ پھر واپس آپ کو بھی نہیں مل پاتا۔ آپ کو لگتا ہے کہ تصویر میں صوفے پہ بیٹھا شخص اس بینک میں اپنا اکاؤنٹ کھلوا کر خوش ہے۔ نہیں بلکہ وہ آپ کو اس بینک میں جاتا ہوا دیکھ کر آپ کی اس حماقت پہ مسکرا رہا ہے۔
یاد کریں ٹی وی پہ پروڈکٹ دکھاتی ہوئی چہرے پہ مسکراہٹ سجاتی وہ لڑکی جو آپ کو مجبور کر رہی ہے کہ آپ ایک ایسی چیز خرید لیں جس کی آپ کو چنداں ضرورت نہیں لیکن پھر بھی آپ اس حسین لڑکی کی مسکراہٹ دیکھ کر اس غیر ضروری پروڈکٹ کو خرید کر اپنی جیب لٹا چکے ہوتے ہیں۔
یاد کریں وہ دکان دار جو آپ کو دکان میں داخل ہوتا دیکھ کر چہرے پہ مسکراہٹ لیے آپ کا استقبال کرتا ہے۔ آپ کیا سمجھتے ہیں کہ وہ آپ کو دیکھ کر مسکرا رہا ہے۔ نہیں بھائی! وہ آپ کی جیب میں موجود پیسے کو دیکھ کر مسکرا رہا ہے۔ آپ اس کی مسکراہٹ پہ فریفتہ ہو جاتے ہیں اور پانچ سو روپے کی چیز پندرہ سو روپے میں لے کر اپنا ایک ہزار روپیہ لٹا لیتے ہیں۔
بس بچیے ہر اس مسکراہٹ سے جس کے پیچھے اگلے کا نفع اور آپ کا نقصان چھپا ہے۔ جھوٹی ہے ایسی ہر مسکراہٹ اور فریب ہے ایسی ہر مسکان جس میں چھپا ہے آپ کی بربادی کا سامان۔ اپنے آپ کو بچانے سے آپ کو کس نے روکا ہے۔ بس یہ بات یاد رکھیے کہ مسکراہٹ دھوکا ہے۔
ذوق جنوں ڈاٹ بلاگ سپاٹ ڈاٹ کام جو نام ہے طنز و مزاح میں ڈوبی تحریروں کا۔ ہمارے بلاگ کو پڑھنا اور آگے شئیر کرنا مت بھولیے گا۔ ہماری تحریروں پہ کمنٹ کر کے ہماری حوصلہ افزائی کیجیے۔ شکریہ
